
یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ایرانی حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والے افراد نے سینٹگما اسکوائر پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ایرانی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور ایران میں جمہوریت، شہری آزادیوں اور انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا۔
شرکاء نے کہا کہ ایران کے عوام موجودہ تھیوکریٹک (مذہبی) نظام سے نجات چاہتے ہیں اور ایک ایسا جمہوری ڈھانچہ چاہتے ہیں جس میں آزادانہ انتخابات، سیکولر جمہوریت اور انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔
احتجاج کے دوران مقررین نے ایران کے جلاوطن رہنما شہزادہ رضا پہلوی کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ عالمی سطح پر ایران کے عوام کی آواز بنے ہوئے ہیں اور ایک پرامن انتقالِ اقتدار کے حامی ہیں۔
یہ مظاہرہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے اندر اور بیرونِ ملک اپوزیشن سرگرمیاں تیز تر ہو رہی ہیں اور عوامی سطح پر موجودہ نظام سے بے چینی میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

